رنگار یڈی ضلع کو پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر یکم ستمبر کو جلسہ عام

   

کے سی آر نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا، کونڈا وشویشور ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے کہا کہ رنگا ریڈی ضلع کے لئے پانی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم ستمبر کو چودھری گوڑم منڈل کے لکشمی دیوی پلی میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے ضلع رنگا ریڈی کو آبپاشی ضرورتوں کے لئے پانی کی سربراہی کا وعدہ پورا نہیں کیا جس کے سبب کسان پریشان حال ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے خریف تک کسانوں کو پانی سربراہ کرنے کا تیقن دیا ہے جس کا کانگریس پارٹی خیرمقدم کرتی ہے۔ اگر واقعی پانی سربراہ کیا گیا تو کے سی آر کی تصویر کو کسان اور کانگریس قائدین دودھ سے دھوئیں گے ۔ انہوں نے ضلع کے تمام قائدین اور کارکنوں سے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی ۔ وشویشور ریڈی نے بتایا کہ رنگا ریڈی کو پانی کی سربراہی کیلئے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر جدوجہد کی جارہی ہے ۔ کسانوں کی بھلائی کیلئے یہ جدوجہد ہے جس میں کانگریس کا کوئی سیاسی مقصد نہیں ۔ ضلع کانگریس صدر رام موہن ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر نے کل اپنے دورہ کے موقع پر لکشمی دیوی پلی کے مسائل پر خاموشی اختیار کرلی۔ سابق میں کے سی آر نے تین مرتبہ اس علاقہ میں ذخیرہ آب تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وعدہ فراموش کردیا گیا ۔ انہوں نے گوداوری ندی کا پانی لکشمی دیوی پلی تک سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ جلسہ عام میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا ، سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو اور دیگر قائدین شرکت کریں گے ۔ انہوں نے سبیتا اندرا ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں سے متعلق اس احتجاج کی تائید کریں۔ بی جے پی قائدین کو بھی کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے دلچسپی دکھانی چاہئے ۔