رنگار یڈی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کے انتظامات کیلئے ڈھائی کروڑ روپئے بجٹ کی منظوری

   

فہیم قریشی کی نمائندگی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اقدام
حیدرآباد۔/24ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آئندہ ماہ رنگاریڈی ضلع کے شنکر پلی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کے انتظامات کے سلسلہ میں 2 کروڑ 45 لاکھ 93 ہزار 847 روپئے کے ترقیاتی کاموں کو منظوری دی۔ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے اسپیشل سکریٹری تفسیر اقبال ( آئی پی ایس ) نے احکامات جاری کئے۔ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر محمد فہیم قریشی نے تبلیغی جماعت کے اجتماع کے انتظامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کی جس پر انہوں نے تقریباً ڈھائی کروڑ کے ترقیاتی کاموں کو منظوری دی ہے۔ شنکر پلی میں 4 اور 5 جنوری کو تبلیغی جماعت کا دو روزہ اجتماع منعقد ہوگا۔ فہیم قریشی نے اجتماع گاہ کا دورہ کرنے کے بعد ضلع کلکٹر اور دیر عہدیداروں سے رپورٹ حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر کو تجاویز پیش کی۔ منظورہ ڈھائی کروڑ روپئے میں مشن بھگیرتا کے تحت پانی کی سربراہی اور سمپس کی تعمیر پر 85 لاکھ خرچ کئے جائیں گے۔ اجتماع گاہ میں پائپ لائن بچھانے کے کاموں پر68 لاکھ ، پنچایت راج انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو سڑکوں کی تعمیر اور پارکنگ ایریا کیلئے 40 لاکھ ، الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کو برقی سربراہی اور ٹرانسفارمرس کی تنصیب کیلئے 48 لاکھ 35 ہزار 847 روپئے اور مینٹیننس کاموں کیلئے 4 لاکھ 58 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ چیف ایگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کو مقررہ مدت میں کاموں کی تکمیل کیلئے نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ 1