رواں برس عالمی سیاحت کی کووڈ سے پہلے کی سطح پر بحالی کی توقع

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس مشرق وسطیٰ نے سیاحوں کی آمد کے حوالے سے سب سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ سیاحت کی عالمی تنظیم کے مطابق غزہ تنازعہ اور غیر مستحکم عالمی معیشت سیاحت کی بحالی کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) نے آج جمعہ کو کہا ہے کہ 2024ء میں بین الاقوامی سیاحت کووڈ انیس کی عالمی وبا سے پہلے کی سطح سے تھوڑی اوپر چلی جائے گی۔ میڈرڈ میں قائم اس ایجنسی نے ایک بیان میں کہا، ابتدائی تخمینوں کے مطابق 2024ء میں بین الاقوامی سیاحت کی سطح 2019 کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ رہے گی۔ گزشتہ سال کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر میں 1.3 بلین سیاحوں نے بیرون ملک سفر کیا، جو 2022 کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ اور 2019 میں سیاحوں کی تعداد کا 88 فیصد بنتی ہے۔ یو این ڈبلیو ٹی او نے ایشیائی منڈیوں کی مستحکم بحالی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نوٹ کیا کہ سیاحت میں سب سے زیادہ اضافہ مشرق وسطیٰ میں ہوا۔ یہ وہ واحد خطہ تھا، جو سیاحوں کی آمد میں 22 فیصد اضافے کے ساتھ کووڈ انیس کی وبا سے قبل یعنی 2019 میں سیاحت کی سطح تک جا پہنچا۔