رواں سال حج کیلئے پہلا اسمارٹ کارڈ جاری

   

Ferty9 Clinic

ریاض : سعودی وزارت حج نے اس سال تمام عازمین کے لیے اسمارٹ حج کارڈ جاری کیا ہے۔گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں ان کی موجودگی میں پہلا حج اسمارٹ کارڈ جاری کیا گیا ہے۔گورنر مکہ مکرمہ نے پیر کو حج مقمات کا دورہ کیا اور عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا۔وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ھشام السعید نے بتایا کہ اس سال تمام عازمین کو اسمارٹ حج کارڈ جاری کیا جائے گا۔ الاخباریہ چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اسمارٹ کارڈ میں تمام نجی معلومات اور صحت کوائف درج ہوں گے۔ اسمارٹ حج کارڈ کثیر المقاصد ہوگا۔ اس کی بدولت حج کرنے والے بہت سے ممکنہ مسائل سے بچ سکیں گے اور کارڈ کی بدولت مسائل جلد حل کیے جاسکیں گے۔ علاوہ ازیں نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ اس سال عازمین حج کے لیے آگہی پروگرام مختلف ہوگا۔ہر حاجی کو سفر حج کے ایک، ایک مرحلے کی رہنمائی کے لیے باتصویر ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے اور ای ایپلی کیشنز کے ذریعے براہ راست حاجیوں سے رابطے رکھے جائیں گے۔ سعودی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمارٹ کارڈ کی بدولت ہر حاجی متعلقہ ادارے کے بارے میں ضروری معلومات بھی حاصل کرسکے گا اور مختلف اداروں سے کام نکلوانے کے لیے ضروری ہدایات بھی اسے دی جائیں گی۔اسمارٹ کارڈ جدید آگہی پروگرام ، صحت، سیکیورٹی اور انتظامی امور کو سمجھنے سمجھانے میں معاون بنے گا۔