میلبورن ۔31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس کے سائے پوری دنیا پر چھاگئے ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں پوری طرح ختم ہوکر رہ گئی ہیں، یورپ میں فٹبال لیگزکا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے، کرکٹ کے ایونٹس منسوخ ہوچکے ہیں، اولمپکس ایک برس کیلئے موخرکردیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں ٹینس آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کسی بھی قسم کی سرگرمیاں ہونے کا امکان تقریباً ختم ہوچکا ہے۔ ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کریگ ٹیلی کے مطابق موجودہ حالات میں مشکل دکھائی دیتا ہے کہ ٹینس 2020 میں پھر سے کھیلی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال اس قدرسنگین ہے کہ 2021 میںآسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کو بھی موخرکیا جاسکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس بیان کا مطلب ہے کہ منتظمین نے اگلے برس پہلے گرانڈ سلام ایونٹ کے متبادل منصوبہ پرغور شروع کردیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ میگا ایونٹ جنوری 2021 میں معمول کے مطابق ہو لیکن جو اطلاعات مل رہی ہیں انہیں دیکھتے ہوئے ہم کو ہر قسم کی بدترین صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ کورونا کی وبا نے پوری دنیا کو بحران میں مبتلا کررکھا ہے، اب تک اس کی دوا تیار نہیں ہوسکی ، ہم امید کرتے ہیں کل صبح نیند سے جاگیں اور اس متعلق ہمیںکوئی بڑی خبر مل جائے۔ لیکن درحقیقت مستقل قریب میں ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ جبکہ دنیا میں لاک ڈائون کے سبب فضائی سفر پر بھی پابندیاں ہیں، یہ لاک ڈائون جانے کب تک برقرار رہے۔