اسپاٹ ایڈمیشن خصوصی مہم سے محض 4 فیصد داخلے، عصری ٹکنالوجی پر مبنی کورسس متعارف کرنے کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی حکومت سے سفارش
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں روایتی ڈگری کورسس سے طلبہ کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں دو لاکھ سے زائد نشستیں مخلوعہ ہیں جہاں اسپاٹ ایڈمیشن کی خصوصی مہم کے باوجود طلبہ نے داخلوں سے گریز کیا ہے۔ تلنگانہ کے سرکاری اور خانگی ڈگری کالجس میں مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے کیلئے تلنگانہ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے ڈگری آن لائین سرویس تلنگانہ (DOST) کے تحت اسپاٹ ایڈمیشن کی خصوصی مہم چلائی جس میں صرف 4 فیصد نشستیں پُر ہوسکیں اور 8655 طلبہ نے ڈگری کے مختلف کورسس میں داخلہ لیا۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے مطابق ریاست بھر میں واقع ڈگری کالجس میں 241936 نشستیں مخلوعہ تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عصری ٹکنالوجی سے متعلق کورسس کے متعارف کئے جانے کے بعد سے طلبہ کی دلچسپی روایتی کورسس میں کم ہوچکی ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی سے مربوط کئی نئے کورسس متعارف ہوچکے ہیں اور بہتر مستقبل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں روزگار کے امکانات کے پیش نظر طلبہ نئے کورسس میں داخلہ کیلئے دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے کیلئے تعلیمی سال 2025-26 کے لئے 15 تا 19 ستمبر اسپاٹ ایڈمیشن کی مہم چلائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مہم میں صرف 8655 امیدواروں نے داخلہ حاصل کیا۔ خصوصی مہم کے بعد بھی 235001 نشستیں ابھی بھی مخلوعہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی مہم سے قبل 196451 امیدواروں نے داخلہ حاصل کیا تھا اور خصوصی مہم کے بعد داخلوں کی جملہ تعداد 205106 ہوچکی ہے۔ صدرنشین کونسل فار ہائیر ایجوکیشن بالا کشٹا ریڈی کا کہنا ہے کہ اسپاٹ ایڈمیشن مہم سے 8000 سے زائد طلبہ نے داخلہ حاصل کیا۔ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال ڈگری کورسس کے داخلوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ خصوصی مہم میں مقامی اور غیر مقامی دونوں طلبہ کو داخلہ کے لئے منتخب کیا گیا ۔ صدرنشین کونسل کے مطابق تعلیمی سال 2025-26 میں گریجویشن کے نصاب میں بڑے پیمانہ پر تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ روایتی انگلش لینگویج کے کورسس کو آرٹیفشل انٹلیجنس ، سائبر سیکوریٹی اور فن ٹیک جیسے کورسس میں تبدیل کیا گیا ۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے حکومت سے نئے کورسس کے سلسلہ میں سفارش کی ہے تاکہ آئندہ تعلیمی سال بڑی تعداد میں مخلوعہ نشستیں باقی نہ رہیں۔ ریاست کی دو اٹانمس یونیورسٹیز میں اسپاٹ ایڈمیشن کے باوجود 749 نشستیں مخلوعہ ہیں۔ سرکاری 34 اٹانمس کالجس میں مخلوعہ نشستوں کی تعداد 7388 درج کی گئی جبکہ سرکاری ڈگری کالجس میں 22817 نشستیں مخلوعہ ہیں۔1