شیٹراؤ/پیرس۔ ہندوستانی شوٹرروبینہ فرانسس نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایس ایچ1 ایونٹ میں برونز میڈل کے ساتھ ہندوستان کے میڈلس کی تعداد میں اضافہ کیا جبکہ بیڈمنٹن کھلاڑی نتیش کمار اور سکنتا کدم پیرس پیرا اولمپکس کے سیمی فائنل میں پہنچے۔ مردوں کے سنگلز ایس ایل 4 سیمی فائنل میں سکنتا کدم کا مقابلہ سوہاس یتھیراج سے ہوگا۔ جس کی وجہ سے اس ایونٹ میں ہندوستان کا ایک میڈل یقینی ہوگیا۔ روبینہ کا برونز میڈل شوٹنگ میں ملک کا چوتھا میڈل ہے۔ وہ پیرا اولمپک میڈل جیتنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون پسٹل شوٹر ہیں۔ دفاعی چمپئن اور عالمی ریکارڈ اسٹرائپ شوٹرزکے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے 25 سالہ روبینہ نے مجموعی طور پر 211.1 پوائنٹس حاصل کرکے آٹھ خواتین کے فائنل میں تیسرا مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کوالیفکیشن راؤنڈ میں ساتویں نمبر پر رہتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ ایران کی جاونمردی سارہ نے 236.8 کے مجموعی اسکور کے ساتھ مسلسل تیسرا پیرا اولمپک گولڈ میڈل جیتا جبکہ عالمی ریکارڈ ہولڈر ترکی کی اوجگان ایسل نے 231.1 کے ساتھ سلور میڈل جیتا۔ ایس ایچ 1 کلاس میں پیرا شوٹر حصہ لیتے ہیں جو وہیل چیئر یا کرسی پر یا بغیرکسی پریشانی کے بندوق کو سنبھالتے ہوئے کھڑے ہو کر نشانہ بنا سکتے ہیں۔ مکینک کی بیٹی روبینہ جبل پور، مدھیہ پردیش میں ایک پیر سے معذور پیدا ہوئی۔ تجربہ کار ہندوستانی شوٹر گگن نارنگ کی اولمپک کامیابیوں سے متاثر ہوکر وہ شوٹنگ میں آگئیں۔ روبینہ کی صلاحیتوں کو گن فارگلوری اکیڈمی نے 2015 میں پہچانا تھا اور اس کے بعد سے اس نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ وہ ٹوکیو پیرا اولمپکس میں بھی ساتویں نمبر پر رہی اور اس مرتبہ انہوں نے میڈل حاصل کرہی لیا۔ انہیں مشہور کوچ جسپال رانا کے چھوٹے بھائی سبھاش رانا نے تربیت دی ہے۔ ہر گوشے سے انہیں مبارک باد موصول ہورہی ہے۔