سنگاریڈی میں آج عرس عرفانی و کل ہند مشاعرہ، حضرت حکیم عمر کی نگرانی میں اردو ادب کے فروغ کے اقدامات
بہار ، یوپی، مہاراشٹرا کے بشمول ملک کے مشہور شعراء مدعو
سنگا ریڈی۔ 10 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت الحاج حبیب احمد بن عمر حبیب عرفان علی شاہ بندہ نوازی ؒکی دو روزہ عرس شریف تقاریب 11 اور 12 اکٹوبر کو درگاہ شریف حضرت ممدوح ؒ واقع چاوش باغ سنگاریڈی میں حضرت حکیم خواجہ عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی چشتی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی ؒ کی نگرانی میں بصد عقیدت و احترام منعقد ہوں گی۔ عرسِ عرفانی کے موقع پر حسب روایت اس مرتبہ بھی عرفانی کل ہند مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ حضرت حکیم خواجہ عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی چشتی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی ؒ نے بتایا کہ آج 11 اکٹوبر کو بعد نماز عصر جامع مسجد سنگاریڈی سے جلوس صندل برآمد ہوگا۔ بعد نماز مغرب طعام عام کا نظم رہیگا اور بعد نماز عشاء صندل پیش کیا جائگا اور اس کے بعد کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا۔ دوسرے دن یعنی 12 اکٹوبر بروز اتوار بعد نماز مغرب چراغاں و طعام عام اور شب 10 بجے سے محفل سماع منعقد ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ مختلف شعبہ حیات میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والے شخصیات کو عرفانی ایوارڈ و تہنیت پیش کی جائے گی۔ اردو ادب کے فروغ کے لیے خانقاہ عرفانی کی جانب سے کی جارہی کوشش کا سلسلہ جاری رکھتے ہوے اس مرتبہ بھی آج بروز ہفتہ 11 اکٹوبر کو احاطہ بارگاہ عرفانی چاوش باغ سنگاریڈی میں شب 9 بجے سے عرفانی کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ملک کے مشہور شعراء اکرام شرکت کریں گے۔ عرفانی کل ہند مشاعرہ کے دو دور ہوں گے۔ پہلا دور میں نعتیہ مشاعرہ ہوگا جبکہ دوسرے دور میں ادبی مشاعرہ ہوگا۔ اس روحانی اور ادبی محفل میں شعراء میثم گوپال پوری (بہار) نعیم فراز (آکولہ) فاروق رضا (شیگاؤں) عظیم شاد (رائے پوری) ارشد انجم (مالیگاؤں) سندر مالگانوی (مہاراشٹرا) اطیب اعجاز (حیدرآباد) صابر بسمتی (مہاراشٹر) منور شاہ (جنتور) ڈاکٹر رضی شطاری (نظام آباد) اور شکیل ظہیر ابادی (ظہیر آباد) شرکت کرتے ہوے اپنا کلام پیش کریں گے۔مشاعرہ میں شعراء حضرات اپنے نعتیہ، حمدیہ، منقبتی اور ادبی و اصلاحی کلام پیش کریں گے۔ روحانی ماحول میں جب سخن کی خوشبو پھیلے گی تو اہلِ ذوق سامعین ایک یادگار رات کا لطف اٹھائیں گے۔ ناظم مشاعرہ ارشاد انجم ہیں۔ عبدالباری قریشی کنوینر اور شبیر ہاشمی معاون کنوینر مشاعرہ ہیں۔ شیخ شکیل احمد صدر عرس عرفانی کمیٹی و دیگر عہدیداران و اراکین کمیٹی، خلفاء ، مریدین اور معتقدین دو روزہ عرس شریف تقاریب اور مشاعرہ کے لیے بہترین روشنی، نشست و طعام کے خصوصی انتظامات کر رہیں ہیں۔ ضلع بھر سے شعری و ادبی شخصیات، مشائخین عظام ، علماء ا کرام اور عوام الناس کی بڑی تعداد کی دو روزہ عرس شریف تقاریب اور کل ہند مشاعرہ میں شرکت متوقع ہے۔ اردو نواز احباب سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔
