ویانا ۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے برطانیہ کے نئے وزیراعظم بورس جانسن کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس بات کی امید ظاہر کی ہیکہ جانسن کی قیادت میں برطانیہ اور ایران کے تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ روحانی کی ویب سائیٹ پر اتوار کو شائع کئے گئے مکتوب میں صدر روحانی نے بورس جانسن کو برطانیہ کا نیا وزیراعظم منتخب کئے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2017ء میں بورس جانسن نے ایران کا صرف ایک بار دورہ کیا تھا۔ اس وقت موصوف برطانیہ کے وزیرخارجہ تھے اور اب چونکہ وزیراعظم کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوگئے ہیں لہٰذا یہ مزید توقع کی جاسکتی ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو ہمہ جہت فروغ حاصل ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ بورس جانسن نے برطانیہ کے وزیراعظم کا عہدہ ایک ایسے وقت حاصل کیا ہے جب خلیج فارس اور برطانیہ و ایران کے درمیان سفارتی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ایران نے جاریہ ماہ آبنائے ہرمز میں ایک برطانوی پرچم بردار بحری جہاز کو ضبط کرلیا تھا جبکہ قبل ازیں برطانوی بحریہ کے ایک جہاز نے جبرالٹر کے قریب خام تیل سے لدے ایک ایرانی ٹینکر کو ضبط کرلیا تھا۔
