برلن : وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے روزگار کے لیے ترک باشندوں کو جرمنی بلانے سے متعلق ترک جرمن معاہدہ کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمنی میں مہمان کارکنوں اور ان کی نئی نسل کو معاشرے میں مزید بہتر طریقے پر قبول کرنے پر زور دیا۔ جرمن صدر نے اس امر کا اعتراف بھی کیا کہ جرمنی میں ترک تارکین وطن کو روزگار کی منڈی اور رہائش کے لیے گھروں کی تلاش میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ برلن میں منعقدہ ایک مرکزی تقریب میں صدر اشٹائن مائر کا کہنا تھا کہ جرمنی میں روزمرہ زندگی میں نسل پرستانہ رویے ہرگز برداشت نہیں کیے جانا چاہییں۔ وفاقی جرمن حکومت نے 1961 ء میں ترکی کے ساتھ مہمان کارکنوں کی بھرتی کا ایک معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت شروع میں ہزاروں ترک مہمان کارکنوں کو جرمنی میں صرف دو سالہ قیام کی اجازت دینے کا سوچا گیا تھا۔