روزنامہ سیاست، ساری دنیا میں مقبول: اندرا کرن ریڈی

   

اخبار کے 75 سال کی تکمیل پر ریاستی وزیر کی نیک تمنائیں، جناب عامر علی خان کو تہنیت

نرمل ۔ 15 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی نرمل آمد پر ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے مقامی دفتر نرمل پہنچ کر سیاست کی 75 ویں سالگرہ کے تناظر میں جناب عامر علی خان کو شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی اور انہیں مبارک دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے زرین خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ روزنامہ سیاست کی مقبولیت ساری دنیا میں جہاں جہاں اردو جاننے والے ہیں اپنی ایک منفرد پہنچان ہے۔ ہمارے بزرگوں نے بھی جن کا ذریعہ تعلیم اردو ہوا کرتا ہے اخبار سیاست ہی پڑھتے تھے۔ آج اپنے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے سیاست نے اپنے 75 برس مکمل کرلئے ہیں۔ تمام سیاست کی ٹیم کو مبارکباد دیتاہوں ۔ بالخصوص جناب عامر علی خان جنہوں نے زمانہ کی رفتار کو ذہن میں رکھتے ہوئے سیاست ٹی وی کا آغاز کرکے سیاست کو الکٹرانک میڈیا کی صفوں میں جو مقام دلایا ہے وہ بھی قابل مبارکباد ہے۔ میرا یقین ہے کہ سیاست ٹی وی بھی مستقبل میں شاندار ترقی کرے گا اور عوام کی ضرورت بن جائے گا۔ وزیر موصوف نے سیاست کی ٹیم کو بھی دلی مبارکباد پیش کی۔ ان کی مقامی دفتر سیاست میں آمدپر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست سید جلیل ازہرنے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی نعیم وجاہت موجود تھے۔