ورنگل میں 24 ڈسمبر کو مزاحیہ مشاعرہ و کامیڈی و صوفی میوزک کا
پروگرام ، عوام سے شرکت کی خواہش ، خسرو پاشاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ڈسمبر ( شاہنواز بیگ ) ادارہ روزنامہ سیاست کی ملی و سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ روزنامہ سیاست ایک اخبار ہی نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جس نے عوام کیلئے بے لوث خدمات انجام دیتے ہوئے کئی بیروزگاروں کو روزگار سے منسلک کرتے ہوئے خدمات انجام دی ہے اور مسلم لڑکیوں کی شادی بیاہ کیلئے دوبہ دو پروگرام کے ذریعہ ہزاروں رشتے طے پارہے ہیں ۔ ان سے سرپرستوں کو راحت محسوس ہورہی ہے ۔ اپنے اخبارکے ذریعہ غریب و پسماندہ افراد کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ فلاحی اسکیمات ان مستحق افراد تک پہونچایا جارہا ہے جس سے ان ضرورتمندوں کو مالی امداد حاصل ہورہی ہے ۔ اخبار کو تحریک کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے غریب عوام کو ان کا حق دلانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین حضرات سید شاہ افضل بیابانیؒ و سابق صدرنشین آندھراپردیش وقف بورڈ نے کہا کہ ورنگل میں 24 ڈسمبر بروز ہفتہ بمقام زکریا فنکشن ہال میں شام 7 بجے سے ادارہ سیاست کا 75 سالہ جشن منایا جارہا ہے جس میں مزاحیہ مشاعرہ و صوفی میوزک ، کامیڈی شو منعقد کیا جارہا ہے جس میں شہر حیدرآباد سے بحیثیت مہمان خصوصی عالیجناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹرسیاست شرکت کررہے ہیں ۔ ان کے ساتھ حیدرآباد کی مشہور شخصیتیں و دیگر ادبی و مزاحیہ اشخاص شرکت کریں گے ۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے شہریان ورنگل سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنائیں ۔ حضرت خسرو پاشاہ نے مزید کہا کہ ادارہ سیاست کے سبھی اسٹاف اور انتظامیہ کو 75 سالہ جشن کی مبارکبادی پیش کرتے ہیں ۔