روزنامہ سیاست کے گوشہ خطاطی کے مشاہدہ پر مصری سنیٹر انگشت بدندان

,

   


جامعتہ الازہر میں داخلوں کے لیے ہندوستانی طلبہ کو اسکالر شپس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مصری سنیٹر اور الازہر یونیورسٹی قاہرہ کے اردو پروفیسر ڈاکٹر یوسف السید یوسف عامر دفتر سیاست کے شعبہ خطاطی کا معائنہ کرتے ہوئے حیران رہ گئے اور ان کی زبان سے بے ساختہ ماشا اللہ اور سبحان اللہ جیسے الفاظ جاری ہوگئے ۔ پروفیسر یوسف عامر ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے انہیں شعبہ خطاطی کا معائنہ کروایا اس دوران انہیں جب خطاطی کے چوبی فن پارہ دکھائے گئے تو وہ بڑے حیران ہوئے اور بے انتہا مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے فوری اپنے جیب سے موبائل نکالا اور خطاطی کے ان شاہکار نمونوں کی فلم بندی کی ۔ پروفیسر ڈاکٹر یوسف السعید یوسف عامر نے جناب عامر علی خاں کو مشورہ دیا کہ وہ خطاطی کے ان بے مثال نمونوں کا پرومو تیار کریں وہ عالم اسلام میں اسے پھلائیں گے تاکہ لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ روزنامہ سیاست فن خطاطی کے فروغ میں غیر معمولی کردار ادا کررہا ہے ۔ اس موقع پر پروفیسر ایس اے شکور سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی ، استاذ خطاط جناب محمد عبدالغفار اور صحافی سیاست محمد ریاض احمد بھی موجود تھے ۔ مصری سنیٹر نے جو سنیٹ کمیٹی برائے مذہبی امور کے سربراہ بھی ہیں یہ بھی بتایا کہ وہ ہندوستان بالخصوص دفتر روزنامہ سیاست سے یادوں کی خوشبو لے جارہے ہیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جامعتہ الازہر اور اس کے ملحقہ اداروں میں 20 لاکھ طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور جہاں تک ہندوستانی طلبہ کا سوال ہے وہ حکومت مصر کی اسکالر شپس حاصل کرتے ہوئے جامعتہ الازہر میں داخلے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔