آج جناب زاہد علی خاں سیاست ٹی وی کے یو ٹیوب لائیوٹیلی کاسٹ کا افتتاح کریں گے
اُردو صحافت کے 200 سالہ جشن کی ہر ضلع میں تقاریب، جناب عامر علی خان کا اعلان
روزنامہ سیاست کی 75 ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر تیار کردہ شارٹ فلم 15 اگسٹ کو 10 بجے دن یوٹیوب پر ریلیز کی جائے گی
حیدرآباد۔ 13 اگست (سیاست نیوز) قوموں کے عروج و زوال میں ان کی حکومتوں، حکمرانوں، اداروں، جماعتوں، تنظیموں، تحریکوں، ان کے رہنماؤں اور تاریخی آثار و عمارتوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ساتھ ہی علماء و دانشوروں، ادیبوں، شاعروں، جہدکار بھی قوموں کی سمت کا تعین کرنے میں اہم رول ہوتا ہے ۔ ہمارے وطن عزیز میں بھی ایسا ہی کچھ ہوا۔ 19 شوال 1368ء ہجری نہ صرف حیدرآباد دکن اور ہمارے وطن عزیز ہندوستان کی تاریخ بلکہ ملک میں اُردو صحافت کی 200 سالہ تاریخ کا ایک یادگار دن رہا۔ جب روزنامہ سیاست کا آغاز ہوا اور اللہ کے فضل و کرم اور حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے و طفیل میں آج سیاست نے اپنی عمر کے 75 سال مکمل کرلئے ہیں اور ان 75 برسوں کے دوران جناب عابد علی خاں اور جناب محبوب حسین جگر کا لگایا گیا یہ نرم و نازک پودا ایک تناور درخت میں تبدیل ہوچکا ہے۔ ایک ایسے درخت میں تبدیل ہوا ہے جس کی چھاؤں تلے ملک کے مظلوم و کمزور مسلمان سکون و اطمینان محسوس کرتے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں اسکالرشپس حاصل کرتے ہوئے مستحق طلباء و طالبات اپنی اور اپنے گھر والوں کی زندگیوں کو سنوارتے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں ہمارے بچے بچیاں بیجا رسومات و اسراف سے بچتے ہوئے ازدواجی بندھنوں میں بندھ جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ روزنامہ سیاست کے ذریعہ اُن نعشوں کی پورے عزت و احترام کے ساتھ تجہیز و تکفین انجام دی جاتی ہے جو نامعلوم ہوتی ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ قارئین! ادارہ سیاست اپنی 75 ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ جس دیانت داری، ذمہ داری اور ملت کے تئیں درد کے ساتھ جناب عابد علی خاں مرحوم اور جناب محبوب حسین جگر مرحوم نے روزنامہ سیاست کو ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی کا ذریعہ بنایا تھا، اس جذبہ کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ادارۂ سیاست نے اپنے قارئین کو جنہوں نے اس کی ہر آواز پر لبیک کہا، اپنی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر کچھ تحائف دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے تحت قرعہ اندازی کے سلسلے کا احیاء کیا جارہا ہے۔ قارئین کی سہولت کی خاطر ہر ماہ 30 ٹوکن اخبار کے صفحہ اول پر شائع کئے جائیں گے جنہیں قارئین ہر ماہ کی10 تاریخ تک جمع کرواسکتے ہیں۔ 15 تاریخ کو قرعہ اندازی عمل میں آئے گی جس میں پہلے خوش نصیب کو 5 ہزار روپئے، دوسرے خوش نصیب کو 3 ہزار روپئے، تیسرے خوش نصیب کو 2 ہزار روپئے اور دوسرے 72 قارئین کو فی کس ایک ہزار روپئے بطور انعام پیش کئے جائیں گے۔ اس طرح ہر ماہ سیاست کے 75 قارئین کو انعامی رقم دی جائے گی۔ واضح رہے کہ جاریہ سال کئی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر ہمارا ملک بھی اپنی آزادی کا 75 واں جشن منا رہا ہے۔ اُردو صحافت بھی اپنی عمر کے 200 سال مکمل کرچکی ہے اور سارے ملک میں اُردو صحافت کا 200 سالہ جشن اور تقاریب منائی جارہی ہیں۔ ساری دنیا میں ہندوستان کی شان، ہندوستان کے وقار اور اس کی عظمت کے طور پر اپنی منفرد پہچان و شناخت رکھنے والا تاریخی چارمینار بھی اپنی عمر کے 444 سال مکمل کرچکا ہے۔ اس کی بھی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے اور ہم سب کیلئے خوشی کی بات یہ ہے کہ روزنامہ سیاست بھی 75 سال کی تکمیل کا جشن منا رہا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو جس طرح نیک دل قلی قطب شاہ نے اپنی رعایا کو پلیگ سے محفوظ رکھنے کیلئے اللہ عزوجل سے سے مانگی گئی نیت پوری کرنے کیلئے ایک مسجد ’’چارمینار‘‘ تعمیر کروائی اور شہر حیدرآباد بسایا، اسی طرح جناب عابد علی خاں نے انتہائی پرآشوب دور میں جبکہ مسلمانوں کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی تھی، وہ مایوسی کے دلدل میں پھنس چکے تھے، انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا۔ ان کی رہنمائی، ان کی حوصلہ افزائی اور ان میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا کرنے، انہیں تعلیمی و معاشی طور پر مستحکم کرنے کی خاطر چارمینار کی تعمیر کے 1369ء سال بعد روزنامہ سیاست شروع کیا۔ ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ سیاست ٹی وی بھی اپنی چوتھی سالگرہ منارہا ہے۔ اس موقع پر سیاست ٹی وی پروگرامس یوٹیوب پر 15 اگست سے لائیو ٹیلی کاسٹ ہوں گے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں 15 اگست کو صبح 8 بجے لائیو ٹیلی کاسٹ کا آغاز ہوگا۔ جبکہ روزنامہ سیاست کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بنائی گئی ایک شارٹ فلم بھی آج 11 بجے ٹی وی اور یوٹیوب پر بتائی جائے گی ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کے مطابق سیاست کا 75 سالہ اور اُردو صحافت کا 200 سالہ جشن بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ہر ضلع ہیڈکوارٹرس پر ہر ماہ کے دوسرے اتوار کو قارئین و ناظرین کیلئے تہذیبی و ثقافتی اور ادبی پروگرامس کا اہتمام کیا جائے گا۔٭