حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نظام آباد کے مسلم قائدین کے ایک وفد نے جو جناب سید نجیب علی ایڈوکیٹ ، حافظ لئیق خاں صدر ضلع جمعیتہ العلماء جناب مولانا کریم الدین کمال صدر ملت ویلفیر سوسائٹی و صدر مسلم پرسنل لا کمیٹی نظام آباد ، سمیر احمد سینئیر قائد ٹی آر ایس اور محمد جاوید علی اسٹاف رپورٹر سیاست پر مشتمل تھا آج حیدرآباد میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرکے روزنامہ سیاست کے 75 سال کی تکمیل پر انہیں مبارکباد پیش کی اور گلپوشی کی ۔ اردو صحافت کے معیار و اقدار کو برقرار رکھنے اور سیاست کو ایک اخبار کے علاوہ ایک تحریک بنانے اور اردو داں طبقہ کیلئے کی جانے والی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر مختلف امور و مسائل سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں اردو زبان کے فروغ ترویج و اشاعت کیلئے اردو داں طبقہ کی ذمہ داریوں ملی امور وسائل میں موجودہ حالات میں بہتر رہنمائی اور مسلمانوں کی معیشت کے استحکام کی ضرورت اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملک میں موجودہ نفرت اور فرقہ واریت کے بڑھتے رجحانات کے تدارک کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی اظہار خیال کیا گیا ۔ جناب عامر علی خاں نے بتایا کہ روزنامہ سیاست 75 سال کی تکمیل پر مختلف فلاحی اقدامات کو روبعمل لانے پر غور کررہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد میں ایک منفرد پروگرام کا بھی انعقاد شامل ہے ۔ 18 ستمبر کو اس پروگرام کا کلاسک فنکشن ہال میں شام 7 بجے انعقاد عمل میں آئیگا۔