روزنامہ ’ سیاست ‘ ہمیشہ عوام اور جمہوریت کا حامی رہا

,

   

نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان کو میڈیا لیجنڈ ایوارڈ ۔ ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 13 جولائی: ( سیاست نیوز ): جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو باوقار میڈیا لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ ملک کے معروف بزنس ٹی وی ہائی بیز کی جانب سے مختلف شعبہ حیات سے وابستہ سرکردہ شخصیات کی سماجی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی شخصیات کا انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ایوارڈ سے نوازتے ہوئے اعزاز پیش کیا جاتا ہے ۔ جناب عامر علی خاں بھی ان میں سے ایک ہیں ۔ حیدرآباد کے ایچ آئی سی سی میں منعقدہ ایک پر رونق تقریب میں نیوز ایڈیٹر سیاست کو یہ ایوارڈ پیش کیا گیا ۔ ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کے ہاتھوں باوقار میڈیا لیجنڈ ایوارڈ دیا گیا ۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آج کے دور میں ایک دیانتدار صحافی کی بہت زیادہ اہمیت ہے ۔ انہوں نے نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خان کو ایوارڈ پیش کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ایوارڈ کی پیشکشی ان کیلئے خودایک اعزاز ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جمہوریت کی بقا اور جمہوریت کو مضبوط کرنے میں میڈیا کے چند شعبوں نے بخوبی ذمہ داری نبھائی ہے ۔ دباؤ نظر انداز اور مشکلات کی پرواہ کیے بغیر خوف کے دائروں کو توڑکر جمہوریت کیلئے عوام کے حق میں پوری دیانتداری سے اپنی ذمہ داری کو پورا کیا اور سیاست اخبار نے ایسے دور میں اپنی ذمہ داری کو پورا کرکے ثابت کردیا کہ وہ ہمیشہ عوام اور جمہوریت کے حق میں رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد آزادی صحافت کو اولین اہمیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ آزادی صحافت صحت مند سماج اور مضبوط جمہوریت کے لیے ایک ستون کا کردار ادا کرسکتا ہے ۔ مسٹر اتم کمار ریڈی نے جناب عامر علی خاں کی زبردست ستائش کی ۔ اس موقع پر مختلف شعبہ حیات سے وابستہ افراد میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ہائی بیز چینل کے سی ای او مسٹر راج گوپال کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے وابستہ سرکردہ شخصیات موجود تھے ۔۔ ع