بی جے پی قائدین سے ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا سوال، چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔28۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے بی جے پی قائدین سے سوال کیا کہ برسر اقتدار آنے پر دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے پر وزیراعظم نریندر مودی کو کس جیل میں رکھا جائے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ بی جے پی قائدین چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی میں حد سے تجاوز کرچکے ہیں۔ بار بار چیف منسٹر کو جیل بھیجنے کی بات کی جارہی ہے لیکن بی جے پی قائدین کو جواب دینا چاہئے کہ عوام کو دھوکہ دینے پر مودی کو کس جیل میں رکھا جائے گا ۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ ورنگل میں مرچ کے کسانوں سے ملاقات کیلئے بی جے پی رکن اسمبلی ای راجندر پہنچے تو کسانوں نے انہیں روک دیا۔ راجندر کسانوں کے سوالات کا جواب دینے سے قاصر رہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد نے راجندر کو بیارم کے دورہ سے بھی روک دیا ہے کیونکہ مقامی افراد بیارم میں اسٹیل فیاکٹری کے قیام کیلئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے، ان پر عمل آوری میں مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہیں۔ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا۔ میڈارم جاترا کو قومی جاترا کا درجہ دینے کا تیقن مرکزی حکومت نے دیا تھا لیکن آج تک یہ وعدے مکمل نہیں ہوئے ۔ محبوب آباد میں گریجن یونیورسٹی کے قیام کے بارے میں مرکز کا موقف غیر واضح ہے۔ اراضی کے الاٹمنٹ کے باوجود یونیورسٹی کے قیام کی مساعی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بنڈی سنجے اور کشن ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ ٹی آر ایس کارکن من مانی بیانات اور الزام تراشی کو برداشت نہیں کریں گے۔ رکن اسمبلی اور ضلع ٹی آر ایس کے صدر ونے بھاسکر نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ ر