روزگار میلہ: ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیراعظم کا خطاب

   

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلے کو خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ہمارا ملک آج تاریخی کامیابیوں اور فیصلوں کا مشاہدہ کر رہا ہے ۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی ملک کی آدھی آبادی کو ناری شکتی وندن ادھینیم کی صورت میں بڑی طاقت ملی ہے ۔ خواتین کے ریزرویشن کا معاملہ جو گزشتہ 30 برسوں سے زیر التوا تھا، اب دونوں ایوانوں سے ریکارڈ ووٹوں سے منظور ہو گیا ہے ۔ریزرویشن کا یہ مطالبہ اس وقت سے ہو رہا تھا جب آپ میں سے اکثر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے ۔ ملک کی نئی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ ایک طرح سے نئی پارلیمنٹ میں ملک کے نئے مستقبل کا آغاز ہو چکا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج اس روزگار میلے میں بھی ہماری بیٹیوں نے بڑی تعداد میں تقرری نامے حاصل کیے ہیں۔