روزگار میلہ کے تحت وزیر اعظم نے 51 ہزار نوجوانوں کو مکتوب تقرر حوالے کئے

   

ملک کے40 مقامات پر ورچول تقریب، مرکزی وزیر کشن ریڈی نے حیدرآباد میں شرکت کی، ایک سال میں 9 لاکھ تقررات کا دعویٰ
حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے روزگار میلہ پروگرام کے تحت آج 51 ہزار نوجوانوں میں تقررات کے مکتوب حوالے کئے۔ وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس پروگرام میں حصہ لیا اور ملک کے 40 مقامات پر مرکزی وزراء نے اس پروگرام میں ورچول حصہ لیا۔ مرکزی حکومت کے محکمہ جات ریوینیو، ہوم افیرس، ڈیفنس، ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر، ہایئر ایجوکیشن اور دیگر محکمہ جات میں یہ تقررات عمل میں لائے گئے۔ حیدرآباد میں مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بڑے پیمانے پر سرکاری اداروں میں تقررات کا عمل شروع کیا ہے۔ روزگار میلہ کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تاحال 10 مراحل میں تقررات کے احکامات حوالے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال میں تقریباً 9 لاکھ نوجوانوں کو عوامی تقاریب میں تقررات کے احکامات حوالے کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری محکمہ جات میں راست تقررات کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اَپ انڈیا، مدرا لونس، سوانیدھی یوجنا اور دیگر اسکیمات کے تحت نوجوانوں کو قرض کی فراہمی کے علاوہ مختلف شعبہ جات میں تربیت کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت سیلف ہیلپ گروپس کو چھوٹی صنعتوں کے قیام میں مدد کررہی ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہندوستان میں مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ سابق میں کسی بھی حکومت نے روزگار کی فراہمی پر اس قدر توجہ نہیں دی۔2047 تک وکشٹ بھارت کے تحت ہندوستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ 75 ممالک کو ہندوستان دفاعی آلات کی برآمدات کررہا ہے۔ وندے بھارت ٹرینوں کے ذریعہ عصری سہولتوں سے آراستہ سرویس متعارف کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گرد سرگرمیوں پر قابو پالیا گیا ہے اور جموں کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔1