5 اپریل آخری تاریخ ، معاشی ترقی کیلئے زرین مواقع:محکمہ اقلیتی بہبود عہدیدار
پداپلی۔27/مارچ۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ضلعی عہدیدار برائے محکمہ اقلیتی بہبود رنگاریڈی،پداپلی نے آج اپنے جاری کردہ صحافتی بیان کے ذریعہ مطلع کیا کہ ریاستی حکومت نے ریاست تلنگانہ میں اقلیتی طبقہ (مسلم، عیسائی، سکھ، بدھ، جین، پاری) سے تعلق رکھنے والے بیروزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دینے کے مقصد سے راجیو یوا وکاسم اسکیم کا اعلان کیاگیا۔ لہذا اس اسکیم سے مستفید ہونے کیلئے پداپلی ضلع کے خواہشمند اہل بے روزگار نوجوان OBMMS آن لائن ویب پورٹل https://tgobmmsnew.cgg.gov.in کے ذریعہ 05 اپریل 2025 سے قبل درخواستیں داخل کریں۔ پر کردہ آن لائن درخواست فارم کی ہارڈ کاپی ، متعلقہ اسنادات کے زیراکس کے ساتھ دیہی علاقوں سے وابستہ درخواست گزار ایم۔ پی ڈی۔ او آفس میں اور شہری علاقوں سے وابستہ درخواست گزار میونسپل کمشنر یا زونل کمشنر آفس میں جمع کروائیں۔درخواست کے ادخال کے لئے درکار اسنادات : آدھار کارڈ، راشن کارڈ یا انکم سرٹیفکیٹ ، ذات کا سرٹیفکیٹ ( تلنگانہ کے قیام کے بعد جاری کردہ)، پاسپورٹ سائز فوٹو، ٹرانسپورٹ اسکیموں کے لیے مستقل ڈرائیونگ لائسنس، زرعی اسکیموں کے لیے پٹادار پاس بک ، معذوروں کے لئے سدرم سر ٹیفکیٹ۔سالانہ آمدنی دیہی علاقوں کے لئے 50. 1 لاکھ اور شہری علاقوں کے لئے 2.00 لاکھ سے کم ہونا چاہیے۔غیر زرعی شعبوں کے لئے 21 تا 55 سال اور زرعی شعبوں کے لئے 21 تا60 سال عمر کا تعین کیا گیا ہے۔وہ افراد یا اْس خاندان کے افراد جنہوں نے پچھلے 5 سالوں میں اقلیتی کارپوریشن / حکومت سے سبسڈی حاصل کی ہے اس اسکیم کے لیے نا اہل ہیں۔ اس اسکیم سے پہلی مرتبہ مستفید ہونے والے اکیلی / بیوہ خواتین، معذوروں، تلنگانہ احتجاج کے شہیدوں کے اہل خانہ ، خود روز گار کے لئے مہارت رکھنے والے امید واروں کو ترجیح دی جائے گی ۔