روزگار کے معاملہ پر اتراکھنڈ میں اپوزیشن کا ہنگامہ

   

دہرادون : اتراکھنڈ اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوسرے دن جمعہ کو اپوزیشن کانگریس نے حکمراں پارٹی کے روزگار سے متعلق جواب سے غیر مطمئن ہوکر علامتی واک آؤٹ کیا۔ جبکہ وقفہ صفر کے دوران ایک سابق ایم ایل اے کی ایوان میں موجودگی پر بھی سوال اٹھایا گیا۔آج صبح 11 بجے اجلاس کی کارروائی شروع ہونے کے بعد وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے قاضی نظام الدین کے مختصر نوٹس سوال کے جواب میں محنت اور روزگار کے وزیر ہرک سنگھ راوت نے کہا کہ بے روزگاری کے اعداد و شمار ہر سال معروف تنظیم سی ایم آئی ای کے ذریعہ شائع کیے جاتے ہیں۔ مذکورہ تنظیم کے ذریعہ شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برسوں میں اتراکھنڈ میں بے روزگاری کی شرح مسلسل کم رہی ہے ۔