روزہ اور قرآن بندہ مومن کے حق میں سفارش کریں گے

   

Ferty9 Clinic

کورٹلہ میں جلسہ استقبال رمضان، مولانا حامد محمد خان کا خطاب

کورٹلہ /7 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مولانا حامد محمد خان مرکزی سکریٹری جماعت اسلامی ہند برائے توسیع جامع مسجد کورٹلہ میں جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ استقبال رمضان کو مخاطب کرتے ہوئے قرآن کے حوالے سے کہا کہ رمضان وہ مہینہ ہے کہ جس میں قرآن نازل کیا گیا ہے۔ جو انسانوں کیلئے سراسر ہدایت ہے ۔ مولانا نے کہا کہ ماہ رمضان کی اہمیت برکت اور سعادت نزول قرآن کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ اس ماہ رمضان المبارک کا شایان شان استقبال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ توبہ استغفار کرنا چاہئے ۔ رجوع الی اللہ کی کیفیت اپنے اندر پیدا کرنی چاہئے ۔ رمضان المبارک میں فیوض و برکات والی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔ ماہ رمضان سے قبل ہی ضرورت پڑنے پر خرید و فروخت کرلینی چاہئے ۔ مولانا نے کہا کہ رمضان المبارک کو عبادت میں لگادینا چاہئے ۔ مولانا حامد محمد خان نے حدیث کے حوالے سے کہا کہ جس میں حضور اکرمﷺ نے فرمایا کہ جو شخص ایمان و احتساب اور اجر آخرت کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے گا تو اللہ تعالی اس کے تمام گناہوں کو معاف کردے گا ۔ انہوں نے کہا کہ روزداروں کو اللہ ایک خاص دروازے سے جنت میں داخل کرے گا ۔ جس کا نام ریان ہے جو روزہ داروں کیلئے ایک خاص اعزاز ہے ۔ انہوں نے حدیث کے حوالہ سے کہا کہ روزہ ا ور قرآن بندہ مومن کے حق میں اس کی مغفرت کیلئے سفارش کریں گے ۔ اس اجلاس میں خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ خواتین سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت پکوان میں نہ گذاریں خرید و فروخت میں وقت برباد نہ کریں۔ بلکہ قرآن مجید کی زیادہ سے زیادہ تلاوت ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھنے میں گذاریں ۔قرآن احکامات پر غور و فکر اور تلاوت میں گذاریں ۔جلسہ سے عظمی تبسم نے بہ عنوان انفاق فی سبیل اللہ کہا کہ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان ہیں ان میں نماز کے بعد زکوہ کو کافی اہمیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنا نفع بخش تجارت ہے ۔ اللہ فرماتا ہے جو کچھ میں نے تم کو رزق دیا ہے اسی میں سے خرچ کرو ۔ قبل ازیں جناب الیاس احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ جبکہ سابق ناظم جماعت اسلامی ضلع جگتیال جناب محمد نعیم الدین نے کلمات اظہار تشکر ادا کئے ۔ اظہر کورٹلوی نے حمد و نعت پیش کی ۔ جلسہ میں خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جس میں قابل ذکر رابعہ جمال ، آمینہ بیگم ، اسری فردوس ، اعجاز بیگم ، تسلیم النساء ، احمدی جمال ، رحمت بیگم ، اور دیگر موجود تھے ۔