رمضان کے فیوض و برکات حاصل کرتے ہوئے اِس ماہ مبارک کو وداع کریں
سدی پیٹ۔ 18 مارچ (کلیم الرحمن کی رپورٹ) رمضان المبارک مسلمانوں کیلئے ایک ایسا مقدس اور رحمتوں والا مہینہ ہے جس میں اللہ کی خصوصی رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہوتا ہے۔ اختتامی عشرے کے موقع پر مسلمان ، اس ماہ کی فضیلت و عظمت کو برکت و غنیمت جانتے ہوئے اپنی حاجتوں اور بخشش، صحت، درازی عمر کیلئے رقت انگیز دعاؤں سے رمضان المبارک کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ روزہ، بھوک اور پیاس کا نام نہیں ہے بلکہ روزہ تقویٰ و صبر کا نام ہے۔ جس طرح ماہ مقدس میں صبر اور برداشت کو اپنائیں تو نہ صرف ہماری آخرت سنور سکتی ہے بلکہ ہماری زندگی میں اس کا فائدہ نظر آتا ہے۔ سدی پیٹ مستقر پر ماہ صیام کی آمد سے ہی مسلم اکثریتی محلہ جات میں گہماگہمی دیکھی جارہی ہے۔ ہر سمت رونق ہی رونق پھیلی ہوئی ہے۔ مساجد روزہ داروں کی کثیر تعداد سے بھری ہوئی ہیں۔ ہر کوئی اپنی آخرت کی تیاری میں مصروف ہے اور اللہ کو راضی کرنے عبادتوں کی قبولیت کیلئے گڑگڑاتے ہوئے اللہ سے دعائیں کررہا ہے اور ہر مسلمان خشوع و خضوع کے ساتھ عبادات میں مشغول ہے۔ کہیں شبینہ کا اہتمام ہورہا ہے تو کہیں گھر میں سماعت قرآن کا اہتمام ۔ ہر مسلمان کی کوشش ہے کہ آخری ایام تک ذکر الٰہی میں گزارے۔ تو عیدالفطر کے پیش نظر سدی پیٹ میں شام کے آغاز کے ساتھ ہی بازروں کی رونق بڑھتی جارہی ہے۔ مرد و خواتین اور لڑکے لڑکیاں خوشی خوشی ملبوسات کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ ماہ صیام میں افطار پارٹیوں کا مختلف سیاسی و سماجی اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ماہ مقدس کے آخری عشرے کے پیش نظر مسلمان شب قدر کی تلاش کیلئے نماز پنجگانہ کے علاوہ سنتیں اور نوافل کا بھی اہتمام کررہے ہیںاور سدی پیٹ کی ہر مسجد میں کچھ مسلمان اعتکاف میں بیٹھے نظر آرہے ہیں۔