روز ویلی اسکام : ای ڈی نے70 کروڑاثاثے ضبط کرلیا

   

شاہ رخ خان کی کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے بشمول تین کمپنیاںکیخلاف کارروائی
نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے رقمی ہیر پھیر کی تحقیقات کے دوران روز ویلی اسکام کے ایک مقدمہ کے ضمن میں پیر کو تین اداروں کے 70 کروڑ مالیتی اثاثوں کو قرق کرلیا جن میں وہ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی کرکٹ ٹیم کی مالک کمپنی بھی شامل ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ تین ادارے ملٹیپل ریزارٹس پرائیویٹ لمٹیڈ ، کولکتہ کا سینٹ زیویئرس کالج اور نائیٹ رائیڈرس اسپورٹس پرائیویٹ لمٹیڈ ہیں۔ ای ڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں مختلف کمپنیوں اور افراد کے ہیں جنہوں نے روز ویلی گروپ سے فنڈس حاصل کیا تھا۔ نائیٹ رائیڈرس اسپورٹس پرائیویٹ لمٹیڈ ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) کرکٹ ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس (کے کے آر) کی مالک ہے اور اس کے ڈائرکٹر س میں شاہ رخ ، ان کی شریک حیات گوری خان ، اداکارہ جوہی چاؤلہ کے شوہر جئے مہتا ، کے کے آر کے سی ای او وینکٹیش میسور اور دیگر دو شامل ہیں۔ای ڈی نے گزشتہ سال اکتوبر کے دوران کولکتہ میں وینکٹیش میسور سے پوچھ گچھ بھی کی تھی۔ اس ادارہ نے رام نگر اور میدنا پور میں 24 ایکر اراضیات ، ممبئی کے دل کاپ چیمبرس میں ایک فلیٹ اور جیوتی باسو نگر میں ایک ایکر اراضی کے علاوہ کولکتہ روز ویلی گروپ کی ایک ہوٹل بھی ضبط کیا ہے۔