روس:انتخابات کے روز احتجاج کریں ، عوام سے اپوزیشن لیڈر کی بیوہ کی اپیل

   

لندن : روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کی بیوہ یولیا ناوالنایا نے روسی شہریوں سے انتخابات کے دن احتجاج کرنے کی اپیل کردی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق روس میں صدارتی انتخابات کے لیے 15 سے 17 مارچ تک پولنگ ہوگی اور ابھی سے ہی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن پانچویں مرتبہ صدر بن جائیں گے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں یولیا ناوالنایا نے اپیل کی کہ شہری صدر ولادیمیر پیوٹن کے خلاف ووٹ دے کر یا بیلٹ کو خراب کر کے انتخابات کے دن احتجاج میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے ایک حصے کے طور پر شہری 17 مارچ کو دوپہر کے وقت پولنگ اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں لگائیں، ہمیں انتخابات کے دن بتانے کی ضرورت ہے کہ ہم موجود ہیں اور ہم بہت سارے ہیں۔روسی اپوزیشن رہنما کی بیوہ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر ایک ہی وقت میں آنا ایک بہت آسان اور محفوظ اقدام ہوگا جسے حکام روک نہیں سکیں گے اور لوگ دیکھیں گے کہ ہم بہت ہیں اور ہم مضبوط ہیں۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ لوگ صدر پیوٹن کے علاوہ کسی بھی امیدوار کو ووٹ دے سکتے ہیں، اپنا بیلٹ خراب کر سکتے ہیں یا اس پر بڑے حروف میں اپوزیشن رہنما ناولنی لکھ سکتے ہیں۔یار رہے کہ 47 سالہ اپوزیشن لیڈر کی 16 فروری کو جیل میں موت واقع ہوئی تھی۔