روسی، چینی، ایرانی نائب وزرائے خارجہ ملاقات، اعلامیہ جاری

   

بیجنگ : چین اور روس کے نائب وزرائے خارجہ نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں امریکہ سے ایران پر پابندیوں کے خاتمہ اور مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں چین، روس اور ایران کے اعلیٰ سطح کے وفود نے خصوصی ملاقات کی جس میں امریکہ سے ایرانی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تینوں ممالک نے امریکہ کی ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمہ کا مطالبہ بھی کیا۔ چینی نائب وزیرِ خارجہ ماڑاؤسوس، روسی نائب وزیرِ خارجہ سرگئی ریابکوف اور ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کی موجودگی میں مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ باہمی احترام کے اصول پر سیاسی اور سفارتی گفت و شْنید سے ہی قابلِ عمل حل نکالا جائے۔ واضح رہے کہ چین میں یہ ملاقات اس وقت ہوئی ہے جب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کو بات چیت شروع کرنے کے لیے خط بھیجا گیا ہے۔