دبئی ۔ 9 فروری (ایجنسیز) روسی صدارتی محل کریملن نے بتایا ہے کہ روسی آرمی جنرل ولادیمیر الیکسیف پر حملہ کرنے والے ملزم کو متحدہ عرب امارات کے تعاون سے دبئی سے گرفتار کر کے ماسکو منتقل کر دیا گیا۔ اس حوالے سے ترجمان کریملن دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ اماراتی اور روسی حکام کے تعاون سے ملزم دبئی سے گرفتار ہوا۔ روسی فیڈرل سیکوریٹی سروس کے مطابق روسی جنرل پر حملہ یوکرین نے کرایا، روسی جنرل پر قاتلانہ حملے کا حکم یوکرین کی سیکوریٹی سروس نے دیا تھا۔ میڈیا کے مطابق پولینڈ کی خفیہ ایجنسی بھی حملہ آور کی بھرتی میں ملوث تھی، حملہ آور یوکرینی نڑاد روسی شہری ہے۔ روسی فیڈرل سیکوریٹی سروس کے مطابق روسی جنرل پر حملے کے شبے میں گرفتار شخص کو دبئی سے ماسکو منتقل کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے تعاون پر اماراتی صدر سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔ واضح رہے کہ روسی جنرل ولادیمیر الیکسیف کو چند روز قبل ماسکو میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔