ماسکو:روس کے اپوزیشن لیڈر الیکسی نیولنی نے کل اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر جیل میں اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے ڈاکٹروں کے ایک پینل نے ان کا معائنہ کیا تھا۔ نیولنی نے اپنی کمر اور ٹانگ میں شدید درد پر مناسب علاج معالجہ نہ ملنے کی وجہ سے 21 مارچ کو بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں نیولنی کا کہنا تھا کہ سویلین ڈاکٹروں کے پینل نے دو بار ان کا معائنہ کیا ہے، اور انہوں نے ان کے ٹیسٹ اور تجزیے کئے ہیں جس کے بعد وہ ان کے نتائج سے اْنہیں آگاہ کریں گے۔انہوں نے اپنے پیغام میں مزید یہ لکھا کہ وہ ڈاکٹر سے فوری معائنے کیلئے دی گئی اپنی درخواست واپس نہیں لے رہے۔
