ماسکو۔3جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ایک تحقیقی کام کے دوران روسی بحریہ کی ایٹمی آبدوز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 14 اہلکار ہلاک ہو گئے ۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقی تجربات کے لئے مامور روسی بحریہ کی غیر مسلح آبدوز میں آتشزدگی کے باعث ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بارے میں تفتیش جاری ہیں۔روسی وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ آبدوز گہرے سمندر میں ماحولیات کے مطالعہ اور تحقیق کے لیے روسی بحریہ کے زیر نگرانی تحقیقی کام جاری کئے ہوئے تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔دوسری جانب آزاد ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آتشزدگی کی شکار آبدوز AS-12 ہے جو ایٹمی صلاحیتوں سے لیس ہوتی ہے اور 3.7 میل گہرائی تک غوطہ زن ہو کر مشن جاری رکھ سکتی ہے اوراس میں عملے کے 25 اراکین کے لیے جگہ ہوتی ہے ۔روس میں آزادی اظہار رائے پر سخت پابندیاں عائد ہونے کی وجہ سے متضاد خبریں موصول ہورہی ہیں، 4 سے 5 اہلکاروں کو زندہ نکالنے کی اطلاعات بھی ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔ تاحال حادثے کی وجہ کا بھی تعین نہیں کیا جاسکا۔