کیف : یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کا آج 25 واں روز ہے جس کے دوران روسی فوج کی جانب سے یوکرین کے فوجی اہداف تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔یوکرینی حکام کے مطابق ،ماریوپول شہر میں روسی بم باری سے یورپ کی ایک سب سے بڑی اسٹیل مل کو نقصان پہنچا ہے۔شہر کی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ روز ہزاروں فراد نے کوچ کر کے روس کا رخ کیا۔ماریوپول شہر کی کونسل کے مطابق روسی افواج نے ساحلی شہر میں ایک آرٹس اسکول کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ اس اسکول میں تقریبا 400 افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تباہ ہو چکی ہے اور متعدد لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔روس کے حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران میں تقریبا 11 ہزار یوکرینی پناہ گزین جزیرہ نما کریمیا پہنچے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایک دن کے دوران یوکرین کی 62 عسکری تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا مزید یہ کہ فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر اور چھ ڈرون طیارے مار گرائے۔روسی فوج کے مطابق، یوکرین میں آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک یوکرین کی فوج کے 207 ڈرون طیارے اور 1467 فوجی ٹینک تباہ کر دیے گئے ہیں۔