روسی صحافی نے اپنا نوبل امن انعام یوکرینی مہاجر بچوں کیلئے نیلام کر دیا

   

ماسکو : یوکرینی پناہ گزین بچوں کی مدد کرنے کے مقصد سے روسی صحافی دیمتری مراتوف نے اپنا نوبل امن انعام 103.5 ملین ڈالر میں نیلام کر دیا ہے۔نیلامی کی اس قیمت نے نوبل انعام کے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ تنظیم، ہیریٹیج آکشنزا، جس کی جانب سے اس نیلامی کا بندوبست کیا گیا تھا، نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ کس نے اس نوبل انعام کو خریدا ہے۔روسی صحافی مراتوف کا کہنا ہے، ’’مجھے توقع تھی کہ مجھے بہت زیادہ لوگوں کی مدد ملے گی لیکن مجھے اتنی بھاری رقم کی توقع نہیں تھی۔” مراتوف نے مہاجرین کے عالمی دن سے تین ہفتے قبل اپنے نوبل امن انعام کو نیلام کرنے کا اعلان کیا تھا۔ماضی میں ڈی این اے کے اسٹرکچر کی دریافت کے شریک بانی جیمز واٹسن نے سن 2014 میں اپنا نوبل انعام 4.76 ملین ڈالر میں نیلام کیا تھا۔ مراتوف کو اکتوبر 2021ء میں نوبل انعام دیا گیا تھا۔ اس صحافی نے خودمختار روسی اخبار نووایا گزیٹا کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ اس اخبار کے ایڈیٹر ان چیف بھی تھے۔ اس اخبار کو کریملن کی جانب سے صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث مارچ میں بند کر دیا گیا تھا۔