روسی صدر جارحیت کے ذریعہ بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکے: ناٹو

   

برسلز : ناٹو سیکٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ روسی صدر جارحیت کے ذریعہ جو کچھ حاصل کرنا چاہتے تھے وہ انہیں نہیں مل سکا، اب ہم یوکرین کے ساتھ اس وقت تک کھڑے رہیں گے جب تک اس کی ضرورت ہوگی۔ جینز اسٹولٹنبرگ نے ان خیالات کا اظہار یورپین پارلیمنٹ کی فارن افیرز کمیٹی اور سب کمیٹی برائے سیکیورٹی اینڈ ڈیفینس کے مشترکہ اجلاس میں علاقائی سیکیورٹی، یوکرین کی جنگ اور یورپ ناٹو تعلقات کے موضوع پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن نے دو تاریخی غلطیاں کی ہیں، پہلی یہ کہ ایک انہوں نے یوکرین کے لوگوں کے عزم کا غلط اندازہ لگایا اور دوسری یہ کہ وہ ناٹو سے جو بات جارحیت کا خوف دلا کر منوانا چاہتے تھے اس میں انہیں ناکامی ہوئی اور ناٹو پہلے سے زیادہ مظبوط ہوکر اپنے مقصد کے اور قریب چلا گیا۔ اْنہوں نے فن لینڈ اور سوئیڈن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی بات ہے کہ اب فن لینڈ ناٹو اتحاد کا رکن ہے اور ہمیں پس منظر کو یاد رکھنا ہوگا۔ جینز اسٹولٹنبرگ نے بتایا کہ پس منظر یہ تھا کہ صدر پوٹن نے 2021ء کے موسم خزاں میں اعلان کیا تھا اور درحقیقت ایک مسودہ معاہدہ بھیجا تھا جس پر وہ چاہتے تھے کہ ناٹو دستخط کرے اور ناٹو اتحاد میں مزید توسیع نہ کرنے کا وعدہ کیا جا سکے۔