ٹرمپ سے ہوئی بات چیت کی تفصیلات سے واقف کروایا
ماسکو۔18؍اگست ( ایجنسیز)الاسکا میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی۔ اس موقع پر پوٹن نے وزیر اعظم مودی کو بتایا کہ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت میں کیا کچھ ہوا۔ اس بات چیت میں وزیر اعظم مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان ہر تنازعہ کا پرامن اور سفارتی حل چاہتا ہے۔ ہندوستان بات چیت اور تعاون کے ذریعہ عالمی استحکام کے حق میں ہے اور اس سمت میں ہر کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون سے متعلق کئی امور پر بھی بات چیت کی ہے اور مسلسل رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ مودی اور صدر پوتن نے ہندوستان اور روس کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ فون کال سے پہلے ہندوستان کی وزارت خارجہ نے الاسکا سمٹ کا خیرمقدم کیا تھا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا تھا کہ امن کی طرف قائدین کی قیادت قابل ستائش ہے۔ آگے بڑھنے کا راستہ مذاکرات اور سفارت کاری سے ہی نکل سکتا ہے۔ دنیا چاہتی ہے کہ یوکرین کی جنگ جلد ختم ہو۔ تاہم الاسکا میں ٹرمپ۔پوتن ملاقات سے جنگ بندی کی کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اس جنگ نے اب تک لاکھوں افراد کو ہلاک اور یوکرین میں تباہی مچا رکھی ہے۔امریکی صدر ٹرمپ پیر کو واشنگٹن میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔