روسی صدر یوکرین میں نسل کشی کے مرتکب :بائیڈن

   

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر پوٹن کو ڈکٹیٹربتاتے ہوئے کہا کہ روس یوکرین میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ جو بائیڈن نے پہلی بار یوکرین پر روسی حملے کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو یوکرین کو اس طرح سے تباہ کرنے کے در پہ ہے کہ یوکرینی ہونے کا خیال ہی ختم ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی ادائیگی کی امریکی صلاحیت کا انحصار اس بات پر نہیں ہونا چاہیے کہ ایک ڈکٹیٹرکسی دوسرے ملک پر حملہ کردے اور وہاں نسل کشی کرے۔جب صحافیوں نے امریکی صدر سے زور دے کر استفسار کیا کہ آخر انہوں نے نسل کشی کا لفظ کس بنیاد پر استعمال کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے اسے نسل کشی کہا کیونکہ اب یہ مزید واضح ہو گیا ہے کہ پوٹن، یوکرینی ہونے کے خیال کو ہی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ان کے خلاف ثبوت بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس بات کا فیصلہ بین الاقوامی سطح کے وکلاء پر چھوڑتے ہیں کہ وہ فیصلہ کریں کہ یہ اس زمرے میں آتا ہے یا نہیں تاہم مجھے یقینی طور پر ایسا ہی لگتا ہے۔