روسی فوج کاخیرسون شہر پر قبضہ

   

ماسکو : یوکرین میں جاری جنگ کے دوران جنوبی شہر خیرسون پر روسی فوج کے قبضے کی اطلاعات ہیں۔مقامی ٹی وی پر نشر کی جانے والی ویڈیو میں روسی بکتر بند گاڑیوں اور فوجیوں کو خیرسون کی سڑکو ں پر گشت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔خیرسون دارالحکومت کییف سے تقریباً 25 کلومیٹر دور ہے۔اس دوران کییف میں ملک کے سب سے بڑے ٹی وی ٹاور پر ایک راکٹ حملہ ہوا جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔خارکیف میں بھی روسی فوجیوں کی جانب سے بمباری تیز ہوگئی ہے جس میں گیارہ افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔اوختائیرکا قصبے میں ایک فوجی اڈے پر روسی فوج کی بمباری میں 70 سے زائد یوکرینی فوج مارے گئے۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹوئٹ میں کہا کہ اگر بابی یار پر بم گرنے پر دنیا خاموش رہتی ہے تو پھر 80سال تک دوبارہ ایسا نہیں ہو گا کہنے کا کوئی فائدہ نہیں، ایک مرتبہ پھر یہ بربر لوگ ہولوکاسٹ کے متاثرین کو قتل کررہے ہیں۔یہ ٹاور بابی یار کھائی کے قریب واقع ہے جہاں جنگ عظیم دوئم کے دوران نازیوں نے 30ہزار سے زائد یہودیوں کو قتل کیا تھا، اس جگہ پر یادگار بھی بنائی گئی تھی جس کی چند یہودی زیارت کے لیے بھی آتے ہیں۔یوکرین کے حکام نے روس پر اس یادگار کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا۔