ماسکو۔ 25دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) روسی فوج نے انتباہ کیا ہے کہ شام اور دیگر ملکوں میں انسان کے بغیر چلنے والے طیاروں(ڈرون) کے ذریعہ دہشت گردانہ حملے بڑھ سکتے ہیں۔ روسی فضائیہ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل الیگزینڈر لینووف نے ‘کرائیسنیا جویزدا’ روزنامے سے بات چیت میں کہا ہے کہ دیگر ملکوں کی مسلح افواج اور غیر قانونی مسلح افواج کے ذریعہ ڈرون کے ذریعہ حملوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے انتباہ کیا کہ مستقبل میں اس قسم کے حملے شام میں ہی نہیں بلکہ دیگر ملکوں میں بھی بڑھ سکتے ہیں۔
جرمنی میں غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد بہت زیادہ
برلن ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی میں اس برس کے دوران غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کی تعداد ملک بدر کیے جانے والوں سے زیادہ رہی۔ جرمن پولیس کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2019ء کے دوران تقریباً اکیس ہزار افراد کو جرمنی سے نکالا گیا۔ جبکہ اسی عرصے کے دوران غیر قانونی طور پر جرمنی میں داخل ہونے والوں کی تعداد تینتیس ہزار کے لگ بھگ رہی۔ حکام نے نومبر میں ایسے مزید تین ہزار سات سو تارکین وطن کا اندراج کیا۔ جرمنی میں نئے پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں معمولی سے کمی آئی ہے۔