روسی فوج کی یوکرین میں نرسنگ ہوم پر بمباری حاملہ خاتون اور بچے کی موت

   

کیف : روس کی یوکرین کے شہرماریوپول میں ایک ہاسپٹل کے زچہ وبچہ وارڈ پر بمباری کے بعدایک حاملہ خاتون اوراس کے بچے کی ہلاکت کی نئی تفصیل سامنے آئی ہے۔اس حاملہ خاتون کو اسٹریچر پرڈال کر ایمبولینس میں لے جانے کی تصاویرنے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اوران سے انسانیت کے سب سے بے گناہ افراد پرحملے کی حشرسامانی کا اظہار ہوا ہے۔ہاسپٹل پر حملے کے بعد گذشتہ چہارشنبہ کو ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے صحافیوں کی فلمائی گئی ویڈیواور تصاویر میں خاتون کو اپنے خون آلود پیٹ کے نچلے حصے پر ہاتھ پھیرتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ریسکیو اہلکاراسے محصورشہر ماریوپول میں تباہ شدہ عمارت کے ملبہ پر گزرتے ہوئے لے جارہے تھے اور اس کا ہلکا سا چہرہ روسی حملے پر اس کے صدمے کا آئینہ دار تھا۔