روسی محاصرہ میں آئے شہر ماریوپول سے کچھ لوگ نکلنے میں کامیاب

   

ماریوپول: روسی فورسز کے گھیرے میں آئے ہوئے یوکرینی شہر ماریوپول سے، یوکرینی حکام کے مطابق گزشتہ روز قریب 160 کاریں نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔ قبل ازیں اس شہر سے عام لوگوں کو نکالنے کی متعدد کوششیں ناکام ہو گئی تھیں۔ دوسری طرف روس نے پیر کو بھی یوکرین کے مختلف حصوں میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ملک کے شمالی حصے میں ایک ٹی وی اسٹیشن بھی ان حملوں کا نشانہ بنا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ملک میں نافذ مارشل لا کی مدت اپریل کے آخر تک بڑھا دی ہے۔ روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرینی فورسز نے روس نواز باغیوں کے قبضے میں موجود شہر ڈونیٹسک میں حملہ کیا ہے جس میں 20 لوگ مارے گئے۔ ادھر یوکرین اور روس کے مذاکرات کاروں کے درمیان گزشتہ روز بات چیت میں کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ مذاکرات کا یہ سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا۔