ماسکو ؍ کیف : روسی میزائلوں نے یوکرین کے شمالی شہر چرنیف کی شہری آبادی پر حملہ کرتے ہوئے سات افراد کو ہلاک جبکہ سو سے زائد کو زخمی کر دیا ہے۔ ہلاک شدگان میں ایک 6 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ یوکرینی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ روسی میزائلوں حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ چرنیف پر ان حملوں کی وجہ سے سات افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک 6 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر سو سے زائد افراد کو طبی مدد فراہم کی جا رہی ہے، جن میں ایک درجن بچے بھی ہیں۔ ان حملوں میں شہر کا ایک اہم چوک، تھیٹر اور یونیورسٹی کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ماسکو حکومت نے ابھی تک ان حملوں کے الزامات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب شہر میں مذہبی تعطیل کے موقع پر لوگ چرچوں میں موجود تھے۔ ان فضائی حملوں کے بعد شہر میں ایک خوف کی فضا برقرار ہے۔