گوانگزہو ( چین ) : چین کے امن منصوبے کے جواب میں روس کی نیک نیتی کی شرط پر یوکرین نے امن مذاکرات کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔چین کے شہر گوانگزہو میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ یوکرین مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن اس کیلئے شرط ہے کہ اگر روس بھی نیک نیتی پر مبنی مذاکرات کیلئے رضامند ہوجائے لیکن روس کی جانب یہ نیک نیتی فی الوقت کہیں نظر نہیں آتی۔یوکرینی وزیر خارجہ کولیبا دمیترو 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد پہلی مرتبہ وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین سفارت کار ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں چین کی جانب سے یوکرین میں انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر مدد کی پیشکش کی گئی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دیرپا تعلقات اور یوکرین کو غذائی اشیا کی ترسیل میں اضافے پر بھی بات چیت کی گئی۔واضح رہے کہ یوکرین، روس کیخلاف جنگ سے متعلق اپنا دوسرا عالمی اجلاس بلانا چاہتا ہیجس کی صدارت کوئی جنوب (گلوبل ساؤتھ) کا ملک کرے جبکہ چین اور روس بھی اس اجلاس میں شریک ہوں۔یوکرین کا کہنا ہیکہ وہ جنگ کے خاتمے کیلئے چین کو اہم کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔