روسی وزراء خارجہ و دفاع کی آج نئی دہلی آمد

,

   

صدر روس پوٹین کی پیر کو مودی کے ساتھ سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن پیر کو ہند-روس 21 ویں سالانہ چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے اور اسی روز دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی پہلی ٹو پلس ٹومیٹنگ بھی منعقد کی جائے گی۔وزارت خارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف اور وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اتوار کو رات دیر گئے نئی دہلی پہنچیں گے ۔ مسٹر لاؤروف پیر کو صبح10.30 بجے سشما سوراج بھون میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ مسٹر سرگئی شوئیگو سے ملاقات کریں گے ۔ 11.30 بجے پہلی ہند۔ روس ٹو پلس ٹو میٹنگ سشما سوراج بھون میں ہوگی۔ روسی صدر مسٹر پوٹن 6 دسمبر کو دہلی پہنچیں گے ۔ ٹو پلس ٹو میٹنگ کے بعد وہ شام 5.30 بجے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہند۔روس سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ سالانہ سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی شرکت متوقع ہے ۔ دونوں میٹنگوں سے ہندوستان اور روس کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو استحکام حاصل ہوگا ۔ روسی صدر اور اس کے وزرائے خارجہ اور دفاع پیر کی رات ہی وطن واپس چلے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق ٹو پلس ٹو ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے سیاسی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس ملاقات میں افغانستان کا مسئلہ بھی خصوصی طور پر زیر بحث آنے کی توقع ہے ۔ ہندوستان اور روس کے درمیان ٹو پلس ٹو میٹنگ شروع کرنے کے بارے میں وزیر اعظم مودی اور مسٹر پوتن کے درمیان اپریل میں ہونے والی ورچوئل میٹنگ میں ایک معاہدہ طے پایا تھا۔گزشتہ ہند۔ روس سالانہ چوٹی کانفرنس ستمبر 2019 میں ولادی ووستوک میں منعقد ہوئی تھی جب وزیر اعظم مودی بطور مہمان خصوصی 5ویں مشرقی اقتصادی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے روس گئے تھے ۔

پچھلے سال کووڈ وبا کی وجہ سے سالانہ سربراہی اجلاس منعقد نہیں ہو سکا تھا۔ دریں اثنا، دونوں رہنماؤں کے درمیان چھ موقعوں پر نے کثیر الجہتی فورموں کی ورچوئل میٹنگوں میں بات چیت ہوچکی ہے ۔ نومبر 2019 میں برازیلیا میں برکس سربراہی اجلاس میں ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔