روس۔ یوکرین جنگ بندی پر اچھی خبر کی توقع : ٹرمپ

   

واشنگٹن۔ 3 فبروری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ رکوانے کیلئے کام کررہے ہیں۔ روس یوکرین جنگ بندی پر اچھی خبر آنے کی توقع ہے۔وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، ہمارا بڑا بحری بیڑا ایران کی جانب گامزن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی صنعتوں کیلئے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم مودی نے فون پر روس سے تیل کی خریداری روکنے، امریکہ اور وینزویلا سے تیل خریداری میں اضافے پر اتفاق کیا ہے، اس سے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی امریکی توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر اشیاء خریدنے پر بھی اتفاق کیا ہے-

75 ممالک کے ویزے معطل، ٹرمپ انتظامیہ کا فیصلہ امریکی عدالت میں چیلنج
نیویارک ۔ 3 فبروری (ایجنسیز) ٹرمپ انتظامیہ کے پاکستان سمیت 75 ممالک کیلئے امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کرنے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔شہری حقوق کی تنظیموں کے ایک گروپ نے نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں امریکی محکمہ خارجہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ یہ پالیسی امریکہ کے امیگریشن قانون کی دہائیوں پر محیط مستحکم بنیاد کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔مقدمے میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ویزہ پالیسی کو فوری طور پر روکا جائے اور اس فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔یاد رہے کہ امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کرنے کا فیصلہ 21 جنوری سے نافذ العمل ہے۔جن ممالک کے شہری اس فیصلے سے متاثر ہوئے ہیں ان میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، البانیہ، الجزائر، آرمینیا، آذربائیجان، بنگلادیش، بیلاروس، بھوٹان، بوسنیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔