روس۔ یوکرین جنگ میں بچوں کی حالت زار ، میلانیا کا پوٹن کو مکتوب

   

واشنگٹن ۔ 16 اگست (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کو یوکرین اور روس میں بچوں کی حالتِ زار سے متعلق خط لکھ دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے یہ خط ذاتی حیثیت میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کو لکھا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے الاسکا میں روسی صدر پوٹن سے ملاقات کے دوران اپنی اہلیہ کی جانب سے لکھا گیا خط روسی صدر کو دیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان اہم ملاقات جمعہ کو الاسکا کے جوائنٹ بیس ایلمینڈ ورف۔رچرڈسن (JBER) میں ہوئی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اس خط میں یوکرین میں جنگ کے نتیجے میں بچوں کے اغوا کا ذکر موجود ہے تاہم حکام نے اس خط کے دیگر مندرجات کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے بچوں کو پکڑنا یوکرین کے لیے انتہائی حساس معاملہ ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین نے اپنے ملک کے ہزاروں بچوں کے اغوا یا خاندان کی رضامندی کے بغیر انہیں روس یا روس کے زیر قبضہ علاقہ میں لے جانے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔