واشنگٹن ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عالمی توانائی مارکٹس کے استحکام کیلئے آئیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کے ساتھ تاریخی معاہدہ کی تکمیل پر روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے اظہارتشکر کیا ہے۔ ٹرمپ نے دونوں قائدین سے فون پر بات چیت کی۔ وائیٹ ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ عالمی توانائی اور مالی مارکٹ کے استحکام کیلئے مناسب سطح پر آئیل کی پیداوار کی برقراری کیلئے روس اور سعودی عرب کے معاہدہ کا امریکی صدر نے خیرمقدم کیا ہے۔ تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک نے کل قیمتوں میں استحکام کیلئے آئیل کی پیداوار میں کمی کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ ٹرمپ نے تمام کیلئے اس معاہدہ کو عظیم معاہدہ قرار دیا۔