روس اور مغرب دونوں پر یکساں اعتماد : اردغان

   

انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردغان کا کہنا ہے کہ وہ روس پر بھی اتنا ہی بھروسہ کرتے ہیں جتنا کہ مغرب پر۔ انقرہ روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کی وضاحت کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا کہ وہ بحیرہ اسود کے راستے یوکرینی اناج کی برآمد کے معاہدہ کو بحال کروانے میں ناکام رہے ہیں۔ واضح رہے کہ روس نے جولائی میں اس معاہدہ سے دستبرداری اختیار کر لی تھی تاہم ماسکو نے افریقہ کو 10 لاکھ ٹن روسی اناج فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ پیر کے روز امریکی شہر نیو یارک میں ایک امریکی نشریاتی ادارے پی بی ایس کے ساتھ انٹرویو کے دوران ترک صدر نے کہا کہ میرے پاس ان پر اعتماد نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ صدر اردغان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں ہیں۔