واشنگٹن ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) واشنگٹن حکومت ماسکو اور بیجنگ کے ساتھ ایک نئے سہ فریقی معاہدے کے لیے مذاکرات پر زور دے رہی ہے۔ صدر صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے روس اور چ?ن کے ساتھ تخفیف اسلحہ کی نئی ڈیل کے لئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے جمعہ کو بتایا کہ وائٹ ہاؤس روس اور چین کے ساتھ اسلحے کی روک تھام کے لیے ایک سہ فریقی معاہدہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے ماسکو حکومت کو مطلع کر دیا ہے کہ اس سلسلے میں ایک سمٹ منعقد کرائی جا سکتی ہے، جس میں تینوں ممالک کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کے دیگر ارکان، برطانیہ اور فرانس بھی شامل ہوں گے۔ سلامتی کونسل کے یہ مستقل پانچ ارکان ‘P5’ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ یہ پی فائیو اجلاس کب اور کہاں منعقد ہوگا اس حوالے سے ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ اس عہدیدار کے مطابق پی فائیو کے اجلاس کے لیے ایک موقع ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوسکتا ہے، کیونکہ وہاں تقریبا تمام عالمی رہنما جمع ہوتے ہیں۔ اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر اس امریکی عہدیدار نے مزید کہا، ”صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ وہ امریکی قومی سلامتی کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے کسی بھی وقت کسی بھی عالمی رہنما سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ امریکا دیگر پی فائیو ممالک کے ساتھ مل کر ایسی میٹنگ تیار کرنے اور منظم کرنے کے لیے کام کرے گا۔‘‘