روس اور یوکرین کے درمیانفوجیوں کی نعشوں کا تبادلہ

   

ماسکو / کیف : 18جولائی ( ایجنسیز ) روس نے گزشتہ ماہ استنبول میں ہونے والے امن مذاکرات میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ایک ہزار فوجیوں کی نعشیںیوکرین کے حوالے کی تھیں۔ یہ معلومات ماسکو کے اعلیٰ مذاکرات کار کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔اگرچہ ماسکو اور کیف کے درمیان استنبول میں مذاکرات کے دو ادوارکے نتیجے میں ابھی تک جنگ بندی کا معاہدہ نہیں ہوا ہے ، لیکن ان کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر قیدیوں کے تبادلے اور ہلاک ہونے والے فوجیوں کی نعشوںکی واپسی سے متعلق معاہدے ہوئے ہیں۔روسی مذاکرات کار اور کریملن کے مشیر ولادیمیر میڈنسکی نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ استنبول میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق مزید ایک ہزار یوکرینی فوجیوں کی لاشیں آج یوکرین کے حوالے کر دی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین نے ہلاک ہونے والے 19 روسی فوجیوں کی نعشیں ان کے حوالے کر دی ہیں۔میڈنسکی نے سفید میڈیکل سوٹ میں ملبوس لوگوں کی تصاویر بھی شیئر کیں جن میں وہ ریفریجریٹرڈ ٹرکوں کی پشت سے سفید باڈی بیگز اتار رہے ہیں۔قیدیوں کا تبادلہ اور نعشوںکی واپسی باقاعدگی سے جاری ہے، جو تنازعہ کے دوران فریقین کے مابین ہونے والے چند کامیاب سفارتی اقدامات میں سے ایک ہے۔