روس بڑے حملے کی تیاری میں : امریکی انٹلی جنس رپورٹ

   

واشنگٹن ۔ امریکی اہلکاروں نے انٹلی جنسرپورٹوں کے تجزیہ کے بعد خبردار کیا ہے کہ روس یوکرائن پر وسیع تر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، البتہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ آیا ماسکو اس منصوبے پر عمل کرے گا یا نہیں۔ اس وقت 110,000 روسی فوجی یوکرائنی سرحد پر تعینات ہیں۔ انٹلی جنس ذرائع کے مطابق جس رفتار سے مزید فوجی وہاں پہنچ رہے ہیں، فروری کے وسط تک دیڑھ لاکھ فوجی یوکرائن کی سرحد پر ہو سکتے ہیں، جو بڑے حملے کے لئے درکار ہیں۔ امریکی انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق ایسے کسی ممکنہ بڑے حملے کی صورت میں روس صرف دو دن کے اندر کیف حکومت کا تختہ پلٹ کر ملک پر قابض ہو سکتا ہے۔ اس دوران ممکنہ طور پر 25 سے 50 ہزار شہری، پانچ سے 25 ہزار یوکرائنی فوجی جبکہ تین سے 10 ہزار روسی فوجی ہلاک ہو سکتے ہیں۔