روس جان بوجھ کر عالمی فاقہ کشی کو ہوا دے رہا ہے: جوزف بوریل

   

بروسلز: یورپی یونین کے ہائی کمیشنر برائے خارجہ تعلقات و سلامتی پالیسی جوزف بوریل نے کہا ہے کہ روس یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں کو ذمہ دار ٹھہرا کر شعوری شکل میں گلوبل فاقہ کشی کو ہوا دے رہا ہے۔جوزف بوریل نے لکسمبرگ میں منعقدہ یورپی یونین وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں کے لئے بیان جاری کیا۔بیان میں بوریل نے کہا ہے کہ ”یوکرین کی برآمدات کو یورپی یونین نے نہیں روس نے روک رکھا ہے۔ بندرگاہوں، خوراک کے ذخیروں اور رسل و رسائل انفراسٹرکچر کو ہم نہیں روس نقصان پہنچا رہا ہے۔بوریل نے کہا ہے کہ ”یہ حکمت عملی، دنیا میں فاقہ کشی پیدا کرنے کے لئے روس کی طرف سے اٹھایا گیا ایک شعوری قدم ہے لیکن ماسکو انتظامیہ ان اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری یورپی یونین کی پابندیوں پر ڈالنے کے لئے پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔بوریل نے کہا ہے کہ میں نے کمیشن سے، افریقی ممالک کے وزرائے خارجہ اور تمام مالیاتی و اقتصادی کرداروں کو اس صورتحال کی وضاحت پر مبنی، مراسلہ ارسال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مراسلے میں خوراک اور کھاد کو یورپی یونین پابندیوں سے معاف رکھے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ہائی کمشنر جوزف بوریل نے مزید کہا ہے کہ ہم نے، ساحل کے علاقے میں غذائی عدم تحفظ کے سدّباب کے لئے ایک بلین یورو امداد کی یقین دہانی کروائی ہے۔