روس خلا میں ایٹمی ہتھیار بھیجنے کی تیاری میں جرمن انٹلیجنس کا دعویٰ

   

برلن ۔ 24 نومبر (ایجنسیز) جرمنی کی خفیہ ایجنسی بی این ڈی اور اس کے مغربی شراکت داروں نے خبردار کیا ہیکہ روس رواں سال کے اختتام سے قبل نیوکلیئر ہتھیار سے لیس سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج سکتا ہے۔ مغربی انٹلیجنس اداروں کے مطابق مبینہ سیٹلائٹ لانچ کیلئے تیار ہے اور اسے ماسکو کے نواحی علاقہ میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبہ سے منسلک سیٹلائٹ کو ’اسپوتنک ایس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہیکہ مغربی انٹلیجنس ایجنسیوں نے نومبر کے دوران اس حوالے سے معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔نومبر کے اوائل میں شیئر کیے گئے انٹلیجنس تجزیوں میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ سیٹلائٹ کو 60 دن کے اندر خلا میں روانہ کیا جاسکتا ہے۔ جرمن فوجی حکام دسمبر میں اس کی ممکنہ لانچنگ کو خارج از امکان نہیں سمجھتے اور ان کے مطابق مدار میں پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ فعال ہوسکتی ہے۔